مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب کے کوآرڈینیٹر جنرل محمد رضا نقدی نے یوم القدس کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی انقلاب کا مشن دنیا بھر میں مظلوموں کا دفاع کرنا ہے لیکن عالمی استکبار اپنی میڈیا ایمپائر کے ذریعے اس حقیقت کو دبانا چاہتا ہے۔
انہوں نے برطانیہ میں طویل مظاہروں کو نظر انداز اور ایران میں معمولی واقعات کو بڑھاوا دینے پر مغربی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں لوگ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں، لیکن مغربی میڈیا اس کی کوریج کرنے سے انکاری ہے۔
جنرل نقدی نے امریکی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ بے گناہ شہریوں پر بم گراتا ہے جب کہ دنیا ان جرائم کے سامنے خاموش ہے، ہم مظلوموں کے لیے کیوں کھڑے نہیں ہوں گے؟
انہوں نے غزہ میں فلسطینیوں کے مصائب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے شہریوں کے گھر تباہ ہوچکے ہیں، پھر بھی وہ بڑے وقار کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم ان کے ساتھ کیوں نہ کھڑے ہوں؟
جنرل نقدی نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بیدار ہو رہی ہے اور صیہونی رژیم کے ظلم و ستم سے عالمی بیداری میں اضافہ ہوا ہے۔ کیونکہ فلسطین اور غزہ کے عوام پر قابض رژیم کے وحشیانہ حملوں سے کوئی بھی انسان لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ ہمارے نوجوان مزاحمتی محاذ میں شامل ہونے کے لیے بے تاب ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم 46 سالوں سے 'مرگ بر امریکہ' اور 'مرگ بر اسرائیل' کے نعرے لگاتے آئے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ بیدار قومیں اس جدوجہد کو انجام تک پہنچانے کے لئے تیار ہو جائیں۔
آپ کا تبصرہ