مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی تحریک حماس نے تاکید کی ہے کہ وہ فلسطین اور اس کے مقدسات کی آزادی تک مزاحمت سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگی۔
حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کے موقع پر ایک بیان میں واضح کیا کہ ہم غزہ کے بہادر عوام کو سلام پیش کرتے ہیں اور ایک بار پھر قوم کے حقوق کے تحفظ کا عہد کرتے ہوئے فلسطین کی مکمل آزادی تک اس کا دفاع کریں گے۔
اس بیان میں کہا گیا کہ آج پوری دنیا کو غزہ کے عوام کی شاندار مزاحمت کا احترام کرتے ہوئے 471 دنوں کے دوران ان کے صبر اور قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے۔
حماس نے کہا کہ ہم جنگ بندی معاہدے کی شقوں پر عمل درآمد کے اپنے عزم پر زور دیتے ہیں۔ کیونکہ یہ معاہدہ ہمارے عظیم لوگوں کے صبر و استقامت اور صہیونی دشمن کی قتل و غارت گری کے خلاف مزاحمت کا نتیجہ ہے۔
حماس نے تاکید کی کہ ہمارے بہادر قیدی آج سے آزادی کی سمت گامزن ہیں اور یہ ہمارا ان کے ساتھ پختہ وعدہ ہے جب تک کہ وہ قید کی زنجیریں توڑ کر فلسطین کی فضا میں آزادی کا سانس نہیں لیتے تب تک مزاحمت جاری رہے گی۔
حماس نے مزید کہا کہ ہم اپنی قوم کے لیے امداد اور ریلیف کی فراہمی کے عمل کی پیروی کر رہے ہیں اور غزہ میں زندگی کو معمول پر لانے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ