مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی مساجد، عید گاہوں، پارکس اور کھلے میدانوں میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے ہیں۔
نماز عید کی ادائیگی اور خطبہ عید الاضحی کے بعد عالم اسلام کی سربلندی، ملکی ترقی و خوشحالی، فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کے لیے بھی دعائیں کی جا رہی ہیں۔
بعد نماز عید ارض وطن کے کونے کونے میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کرنا شروع کر دیئے ہیں جن کی خریداری گذشتہ کئی روز سے زور و شور سے کی جا رہی تھی۔
عید الاضحیٰ کے تینوں ایام میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانور قربان کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
شہری اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کر رہے ہیں، جس کے بعد قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جائے گا۔
عید قرباں کے اس پُرمسرت موقع پر صدر، وزیراعظم اور افواج پاکستان کی جانب سے قوم کو مبارکباد دی گئی ہے۔
دریں اثنا صدر پاکستان آصف علی زرداری نواب شاہ میں عید منائیں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر نماز عید ادا کریں گے۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز عید جاتی امرا رائیونڈ میں منائیں گے۔
آپ کا تبصرہ