29 مئی، 2024، 3:36 PM

صدارتی امیدواروں کی رجسٹریشن کل سے شروع ہوگی، ایرانی وزیر داخلہ

صدارتی امیدواروں کی رجسٹریشن کل سے شروع ہوگی، ایرانی وزیر داخلہ

ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ صدارتی امیدواروں کی رجسٹریشن کل سے شروع ہوگی جو اگلے پانچ روز تک جاری رہے گی۔

مہر نیوز رپورٹر کے مطابق، ایرانی وزیر داخلہ احمد وحیدی نے آج حکومتی بورڈ کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہم شہید صدر اور ان کے ساتھیوں کے سوگ میں ہیں، لیکن ہمیں اپنی ذمے داریوں اور فرائض کو ٹھیک طرح سے انجام دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور الیکشن کمیشن، ایگزیکٹو کمیٹیوں کی تشکیل، صوبوں کے نوٹیفکیشن اور اشتہاری کمیشن کی تشکیل جیسی چیزیں جن کا قانون میں ذکر کیا گیا ہے، مکمل کر لی گئی ہیں، اور کل (جمعرات) صدارتی امیدواروں کی رجسٹریشن کا پہلا دن ہے۔

وحیدی نے کہا کہ کل صبح 8:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک پانچ دنوں کے لیے، صدارتی امیدوار رجسٹریشن کرا سکتے ہیں اور آئین میں ذکر شدہ شرائط کی بنیاد پر امیدواروں کو عمر کی حد اور اسی طرح سزایافتہ نہ ہونا جیسی دیگر شرائط پر پورا اترنا ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ رجسٹریشن کے بعد اہلیت کی تصدیق شورائے نگہبان کی ذمے داری ہوگی اور اس کے بعد امیدوارں کے پاس کمپین کے لئے دو ہفتے کا وقت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم 28 جون تک قدم بہ قدم آگے بڑھیں گے جو کہ انتخابات کا پہلا مرحلہ ہے۔ اگر کسی امیدوار کو اکثریت حاصل ہوجاتی ہے تو وہ صدر منتخب ہو جائے گا اور اگر کسی کو بھی اکثریت نہ ملی تو انتخابات کا دوسرا مرحلہ ایک ہفتے بعد 5 جولائی کو ہوگا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے الیکٹرانک ووٹنگ کے انعقاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر کی تصدیق الیکٹرانک طور پر جاری رہے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ مختلف افکار اور ذوق کے حامل امیدواروں کا میدان میں اترنا ضروری ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ رہبر معظم کی طرف سے جن چار بنیادی نکات پر زور دیا گیا ہے یعنی صحت و سلامتی، پرامن، شرکت اور رقابت کی بنیاد پر انتخابات منعقد ہوں گے۔

تیرہویں صدارتی انتخابات میں 75 سال سے اوپر کے امیدواروں کی رجسٹریشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شورائے نگہبان نے اپنے اختیارات کی بنیاد پر اس ضابطے کا اعلان کیا اور ہم اس پر عملدرآمد کریں گے۔

ایرانی وزیر داخلہ نے مہر نیوز کے نمائندے کے اس سوال کے جواب میں کہ آیا وہ خود صدارتی انتخابات کے لیے امیدوار ہوں گے، کہا کہ میرا صدارتی دوڑ میں شامل ہونے کے لئے رجسٹریشن کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

News ID 1924378

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha