مہر خبررساں ایجنسی،صوبائی ڈیسک: ایران کے صدر آیت اللہ رئیسی نے اپنے آذربائیجانی ہم منصب الہام علی اوف کے ساتھ مل کر آج تبریز میں "قیز قلعہ سی" ڈیم کے مشترکہ منصوبے کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر صدر رئیسی نے کہا کہ "قیز قلعہ سی" ڈیم کا افتتاح ایران اور آذربائیجان کے درمیان عزم اور تعاون کی علامت ہے
انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست، برادر اور پڑوسی ملک جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ ہمارے تعلقات ہمسائیگی سے بالاتر ہیں اور قیز قلعہ سی ڈیم کا افتتاح دونوں قوموں کے عزم اور تعاون کی علامت اور ایک مضبوط بندھن ہے جو دو قوموں اور ملکوں کی تاریخ اور تہذیب کے گہرے تعلق کو بیان کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریائے ارس ہمیشہ جمہوریہ آذربائیجان اور ایران کے عوام کے درمیان ایک گہرے رابطے کا ذریعہ رہا ہے اور یہ تعلق پچھلے 50 سالوں سے قائم ہے۔
آج پوری دنیا ایران اور آذربائیجان کی دوستی کا مشاہدہ کر رہی ہے
آذربائیجان کے صدر الہام علی اوف نے اس موقع پر کہاکہ آج پوری دنیا ایران اور آذربائیجان کی دوستی کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی ہے اور دوطرفہ تعلقات بلند ترین سطح پر ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ پہلی بار دونوں ممالک کے صدور سرحد کے زیرو پوائنٹ پر ملاقات کر رہے ہیں، اور ڈیم بنانے کے اس منصوبے میں دونوں ممالک کا تعاون نتیجہ خیز رہا ہے اور مستقبل میں یہ تعاون مزید بڑھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مسائل کے میدان میں ہماری آراء بہت قریب ہیں۔ ہم تمام بین الاقوامی تنظیموں کے فریم ورک کے اندر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ اس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر دونوں ممالک کے صدور کو ڈیم کی تعمیر کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
خدافرین اور قیز قلعہ سی ڈیموں اور پاور پلانٹس کی مشترکہ تعمیر کے معاہدے پر تقریباً 9 سال قبل دستخط ہوئے تھے۔
اس ڈیم کی تعمیر کے اہداف میں دونوں ملکوں کے لئے 270 گیگا واٹ گھنٹے سالانہ کی شرح سے بجلی کی فراہمی اور2 بلین کیوبک میٹر سالانہ کی شرح سے پانی کی تنظیم شامل ہے۔
آپ کا تبصرہ