مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ امریکہ کے دورے پر سان فرانسسکو پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق دونوں صدور نے باہمی روابط کو بڑھانے اور دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان اعلی سطح پر ہماہنگی پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات کے بعد ایک امریکی اعلی عہدیدار نے کہا کہ ملاقات کے دوران مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذریعے نے کہا کہ صدر جوبائیڈن نے چین سے اپیل کی کہ ایران کو مشرق وسطی میں کشیدگی پھیلانے کے اقدامات سے روکنے میں تعاون کرے۔
ملاقات کے دوران چینی صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کو باہمی اختلافات حل کرنے اور ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت کئے بغیر سرخ لکیروں کو عبور کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے۔
صدر شی جن پنگ نے امید ظاہر کی کہ امریکہ یک طرفہ پابندیاں ختم کرے گا اور چینی کمپنیوں کے لئے تجارتی مواقع فراہم کرے گا۔ امریکہ ہمیشہ چین پر یکطرفہ پابندیاں لگاتا ہے جس سے چینی مفادات کو نقصان پہنچتا ہے۔
چینی صدر نے تائیوان کے حوالے سے چین کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو چاہئے کہ تائیوان کو اسلحہ فراہم کرنے کا سلسلہ بند کرے۔
آپ کا تبصرہ