مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستانی ذرائع ابلاغ نے ریاست اترپردیش کے ضلع بہرائچ میں عید میلاد النبی کے جلوس میں حادثہ پیش آنے کی خبر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے بہرائچ میں اتوار کی صبح برآمد ہونے والے عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں شامل 6 عقیدت مند کرنٹ لگنے سے جان بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ضلعی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ واقعہ بہرائچ ضلع کے نانپارہ علاقے کے بھگڑوا ماسو پور گاؤں میں پیش آیا۔
ہندوستانی میڈیا پر شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق جلوس کی گاڑی میں لگی لوہے کی سلاخ ہائی وولٹیج بجلی کے تار سے ٹکرا گئی، جس سے اس میں کرنٹ دوڑنے لگا۔ اس کے بعد سات لوگ کرنٹ کی زد میں آ گئے۔ ان میں سے چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک نے علاج کے لیے اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ دیا اور دوسرے کی اسپتال لے جانے کے بعد موت واقع ہوئی جبکہ دیگر زخمیوں کو حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے لکھنؤ بھیج دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک 6 افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جس وقت حادثہ پیش آیا جلوس میں شامل افراد واپس لوٹ رہے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔جبکہ یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا ہے اور ضلع مجسٹریٹ سمیت پولیس انتظامیہ کے سینئر افسران کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی پنچائیت کے نمائندوں نے کہا ہے کہ ہائی وولٹیج تار نیچے لٹکا ہوا تھا جسے ٹھیک کرنے کے لئے کہا گیا تھا لیکن متعلقہ محکمے نے اس طرف توجہ نہیں دی اور اس غفلت کے نتیجے میں یہ المناک انسانی المیہ رونما ہوا۔
آپ کا تبصرہ