مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی کونسل کے سکریٹری جنرل نے پیغمبر اسلام (ص) کی ولادت باسعادت کی آمد اور 34 ویں وحدت کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ وحدت ہمیں امن و صلح اور اخوت اور برادری کا درس دیتا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین شہریاری نے 34 ویں وحدت کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ہفتہ وحدت کے بانیوں اور اتحاد و یکجہتی کے علمبرداروں شہید حاج قاسم سلیمانی، مرحومین آیت اللہ تسخيری، آیت اللہ سید ہادی خسروشاہی ، انجینئر شیخ الاسلام ، محترمہ طوبی کرمانی اور دیگر حضرات کو خراج تحسین پیش کیا۔
حجۃ الاسلام شہریاری نے کہا کہ دنیائے اسلام کو آج پیچیدہ اور متعدد مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے۔ دشمنوں کی مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ اسلام ہمیں وحدت ، اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اسلام مخالف عناصر کے شوم منصوبوں کو ناکام بناسکتے ہیں ۔
حجۃ الاسلام شہریاری نے کہا کہ ہفتہ وحدت حضرت امام خمینی (رہ) کی عظیم یاد گاراور رہبرمعظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خانہ ای کی تاکید کا تسلسل ہے جنھوں نے ہمیں اللہ تعالی اور قرآن کے عظيم پیغام سے روشناس کرایا اور مسلمانوں میں اتحاد اور یکجہتی کے سلسلے میں اہم اقدامات انجام دیئے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان باہمی اتحاد کے ذریعہ ہی پیچیدہ اور مشکل مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔
شہریاری نے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ تعاون اور سفارتی تعلقات قائم کرنے والے بعض عرب ممالک کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اور آپ کے ملکوں کے مسلمان آپ کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے اقدام کے خلاف ہیں اور آپ کو اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ غداری اور خیانت کا تاوان ادا کرنا پڑےگا۔
آپ کا تبصرہ