مسعود اظہر کےخلاف اقدامات سے جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں، چین

امریکہ نے جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے لیے تمام تر دستیاب راستوں کے استعمال کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے لیے تمام تر دستیاب راستوں کے استعمال کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب چین نے کہا ہے کہ اس رویے سے جنوبی ایشیا میں پہلے سے کشیدہ صورتحال مزید پیچیدہ ہوجائے گی۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرسکتے ہیں کہ ہم نے برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس حوالے سے قرارداد جمع کروادی ہے۔ خیال رہے کہ امریکہ نے سلامتی کونسل میں مسعود اظہر پر پابندی لگانے کی قرارداد27 مارچ کو پیش کی تھی جس کے منظور ہونے پر مسعود اظہر پر سفری پابندی کے ساتھ ساتھ ان کے تمام اثاثے منجمد ہوجائیں گے۔ اس تنازع پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام برقرار رہے اور ہمیں امید ہے کہ بھارت اور پاکستان مذاکرات کے ذریعے اپنے باہمی مسائل کا حل نکالیں گے۔ چینی ترجمان کا کہنا تھاکہ امریکہ کی جانب سے تمام دستیاب مواقعوں کے استعمال کی دی گئی دھمکی کارآمد نہیں ہوگی بالخصوص جب کہ جیشِ محمد کے پلوامہ حملے میں ملوث ہونا ابھی تک ثابت نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ 14 فروری کو بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں فوجی قافلے پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں 40 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کا الزام بھارت نے جیشِ محمد پر عائد کرتے ہوئے اس کے سربراہ مسعود اظہر کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔

News Code 1889424

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 3 + 5 =