مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان کے وفاقی نظام تعلیمات کے زیرِ انتظام سرکاری تعلیمی اداروں میں جمعے کو تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ترجمان وزارت تعلیم رفیق طاہر کے مطابق حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔
سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش کے حکومتی فیصلے کے بعد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے بھی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر عبدالوحید خان کا کہنا ہے کہ جمعہ کے دن اسلام آباد کے پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آسیہ مسیح کی بریت کا فیصلہ آنے کے بعد سے اسلام آباد سمیت پاکستان بھر میں مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے ۔
آپ کا تبصرہ