مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کوئٹہ میں اسمنگلی روڈ پر وہابی دہشت گردوں نے ڈی ایس پی حمیداللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں اسمنگلی روڈ پر مسلح وہابی دہشت گردوں نے ڈی ایس پی حمیداللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں ڈی ایس پی حمیداللہ دستی محفوظ رہے لیکن ان کے دونوں محافظ شدید زخمی ہوگئے۔ رضاکاروں نے دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پی حمیداللہ دستی گھر سے دفتر جانے کے لیے نکلے تاہم جب ان کی گاڑی اسمنگلی روڈ پر پہنچی تو وہاں پہلے سے گھات لگائے 2 حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ ڈی ایس پی حمیداللہ دستی ڈبل کیبن گاڑی کے اندر موجود ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے تاہم گاڑی کے پچھلے کھلے حصے میں ان کے چار پولیس گارڈز سوار تھے جن میں سے دو گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ بھی کی گئی تاہم دونوں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ڈی ایس پی حمیداللہ دستی کا کہنا ہے کہ وہ اہم نوعیت کے مقدمات پر کام کررہے ہیں اور اسی سلسلے میں آج عدالت بھی جانا تھا، جب کہ انہیں وہابی دہشت گرد اور کالعدم تنظیموں کی جانب سے دھمکیاں بھی دی جارہی تھیں۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وہابی دہشت گرد پاکستان میں عدم استحکام پیدا کررہے ہیں اور وہ سامراجی طاقتوں کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ