مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے وزیر خزانہ مراد علی شاہ کو صوبے کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کردیا ہے جب کہ سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے اپنا استعفیٰ پارٹی چیرمین کو پیش کردیا ہے۔ ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے اپنا استعفیٰ پیش کیا جسے پارٹی چیرمین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو پیش کرنے کی ہدایت کی جب کہ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے قائم علی شاہ کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی کا اثاثہ ہیں اور پارٹی آپ کے تجربات سے استفادہ کرے گی۔چیرمین پیپلزپارٹی نے قائم علی شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ بہت مشکل تھا لیکن عوام کے مفاد کی خاطراس طرح کے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پارٹی کا فیصلہ میرا فیصلہ ہے اور پارٹی کے فیصلے پر لبیک کہتا ہوں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ آج گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو اپنا استعفیٰ پیش کریں گے اور ان کے استعفے کی منظوری کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہوجائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس 29 جولائی کو بلایا جائے گا جس میں مراد علی شاہ کا وزیراعلیٰ کے لیے انتخاب کیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ