مہرخبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے امریکہ پر واضح کردیا ہے کہ برطانوی فوج شام میں سرگرم دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف کارروائی میں کسی صورت میں حصہ نہیں لےگی۔
اطلاعات کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ شام میں داعش دہشت گرد تنظیم کے خلاف امریکی فضائیہ کی کارروائیوں کا حصہ نہیں بن سکتا اور اس حوالے سے اپنی فضائیہ کو استعمال نہیں کرے گا تاہم اہم اتحادی ہونے کے ناطے تعاون جاری رکھیں گےجب کہ برطانوی وزیرخارجہ کا جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کہنا تھا کہ ہم امریکہ کی جانب سے داعش کے خلاف فضائی کارروائی کا حصہ نہیں بن سکتے کیوں کہ اس حوالے سے گزشتہ سال پارلیمنٹ اس بات کی تصدیق کرچکی ہے کہ برطانیہ کسی بھی ملک پر براہ راست فضائی کارروائی کا حصہ نہیں بنے گا۔
دوسری جانب امریکہ نے داعش کے خلاف فضائی کارروائی کے لئے سعودی عرب سمیت عرب ممالک سے اتحاد کرلیا ہے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے 10 عرب ممالک اوراپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کی اور انہیں داعش کے خلاف شام میں فضائی کارروائی کے لئے اپنے ہمراہ کرلیا ہے۔ادھر شام نے دھمکی دی ہے کہ اگر اس کی حدود میں فضائی کارروائی کی گئی تو اسے ریاست پر حملہ تصور کیا جائے گا ۔
آپ کا تبصرہ