مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدرباراک اوبامہ نے یورپ میں امریکی فوج کی موجودگی بڑھانے کے ساتھ ساتھ روس پر مزید معاشی پابندیاں لگانے کی دھمکی بھی دی ہے۔ یورپ کے 3 ملکی دورہ کے آغاز پر امریکی صدراوبامہ نے گزشتہ روزپولینڈ کے دارالحکومت وارسامیں کہا کہ امریکہ یورپ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھادے گااور اس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ وارسا میں اوبامہ نے پولستانی صدربرونسلاو کوموروفسکی سے ملاقات کی۔ بعدازاں صدر کو موروفسکی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اوبامہ نے کہا، میں آج یہاں نیٹو میں امریکہ کے یورپی اتحادیوں کی حمایت میں اضافے کے لیے ایک نئی حکمت عملی کااعلان کررہا ہوں۔ انھوں نے کہاکہ امریکی کانگریس کی حمایت سے اس حکمت عملی کے ذریعے یورپ میں امریکی عسکری سازوسامان میں اضافہ کیا جائے گا۔
امریکی صدرنے کہاکہ واشنگٹن یورپ میں نہ صرف زیادہ عسکری سازوسامان پہنچاناچاہتا ہے بلکہ خطے میں اپنے اضافی فوجی دستے تعینات کرنے کاارادہ بھی رکھتاہے۔ صدراوباما کے بقول اس مقصد کے لیے تیاریاں جاری ہیں جن پرایک بلین ڈالرتک کی اضافی لاگت آسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کی طرف سے نئے مالی وسائل کی منظوری کے بعد واشنگٹن براعظم یورپ میں اتحادی ملکوں کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں اور اتحادی دستوں کے تربیتی پروگراموں کے لیے زیادہ رقوم مہیا کرسکے گا۔ امریکی صدر نے روس کو دھمکی دی ہے کہ وہ یوکرائن میں مداخلت بند کردے ورنہ اسے مزید معاشی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑےگا۔
آپ کا تبصرہ