مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے متعلق انٹرنیشنل کرائسس گروپ کی طرف سے شائع ہونے والی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 2014 میں نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد افغان حکومت کے ختم ہونے اور خانہ جنگی کا خطرہ ہے۔انٹرنیشنل کرائسس گروپ کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے افغان پولیس اور فوج ابھی ملک میں پوری طرح سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
رپورٹ میں اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ اگر صدر حامد کرزائی نے شفاف انتخابات کرانے کے لیے اقدامات نہیں کیے تو دو سال بعد ملک میں انتخابات اتنے ہی پرفریب ہوں گے جتنا کہ گزشتہ انتخابات تھے۔
افغان حکومت نے رپورٹ کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی فورسز ملک کی روح اور خود مختاری کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔
افغان صدر کے نائب ترجمان حامد علمی کا کہنا ہے کہ اگر بین الاقوامی برادری مستقبل میں حمایت کے وعدے پورے کرتی ہے تو 2014 میں نیٹو افواج کے انخلاء سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ہم نے ابھی مکمل رپورٹ نہیں دیکھی، لیکن ہماری حکومت کے خاتمے کی باتیں احمقانہ اور غلط ہیں۔
آپ کا تبصرہ