مہر خبر رساں ایجنسی نے افغانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان میں تعینات نیٹو فوجی حکام کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے قندہار میں ایک غیر فوجی ہیلی کاپٹر گرنے سے کم از کم سولہ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیںیہ حادثہ اتوار کے روز جنوبی افغانستان میں تعینات غیر ملکی اتحاری افواج نیٹو کے زیر استعمال سب سے بڑے ہوائی اڈے قندہار میں پیش آیا ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے عام شہری ہیں اور ان میں کوئی فوجی اہلکار شامل نہیں ہے۔اطلاعات کے مطابق قندہار کے ہوائی اڈے سے ہیلی کاپٹر پرواز کرنے کی کوشش کر ہی رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ ماسکو سے آنے والی اطلاعات کے مطابق تباہ ہونے والا ایم آئی اٹھارہ ہیلی کاپٹر روسی ساخت کا تھا۔خیال رہے کہ افغانستان میں رواں ہفتے کے دوران یہ دوسرا ہیلی کاپٹر تباہ ہوا ہے اس سے پہلے جمعرات کے روز صوبہ ہلمند میں ایک غیر فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔روس کی خبر رساں ایجنسی انٹر فیکس نے روس کی فیڈرل ائیر ٹرانسپورٹ ایجنسی کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ تباہ ہونے والا روسی ساخت کا ہیلی کاپٹر تجارتی مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ایجنسی کے مطابق تباہ ہونے والی ہیلی کاپٹر ایک روسی کمپنی ورٹیکل ٹی کا تھا۔افغانستان میں تعینات نیٹو کی انٹرنیشنل سکیورٹی اسسٹنس فورس (ایساف) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق غیر فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا ہیلی کاپٹر قندہار کے ہوائی اڈے سے اڑتے وقت تباہ ہوا ہے۔بیان کے میں مزاحمت کاروں کے حملے کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے اور اس وقت جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔نیٹو کے ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہونے والے عام شہری تھے اور اس واقعے میں کوئی فوجی اہلکار ہلاک نہیں ہوا ہے۔افغانستان کے صوبہ ہلمند میں جمعرات کے روز ہیلی کاپٹر کے حادثے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ہیلی کاپٹر کو مزاحمت کاروں نے فائرنگ کر کے تباہ کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ