10 اکتوبر، 2008، 1:58 PM

مالی بحران کا سلسلہ جاری

ایشیائی بازارِ حصص کے بعد یورپی بازار میں بھی مندی کا رجحان

ایشیائی بازارِ حصص کے بعد یورپی بازار میں بھی مندی کا رجحان

جمعہ کو ایشیائی بازارِ حصص میں کاروبار کے آغاز میں شدید مندی کے بعد یورپی بازار بھی کاروبار کے آغاز پر شدیدگراوٹ کا شکار ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جمعہ کو ایشیائی بازارِ حصص میں کاروبار کے آغاز میں شدید مندی کے بعد یورپی بازار بھی کاروبار کے آغاز پر شدیدگراوٹ کا شکار ہیں۔لندن سٹاک ایکسچینج کے فٹسی ہنڈریڈ انڈیکس کاروبار کے آغاز پر قریباً آٹھ فیصد کمی آئی اور ایک موقع پر انڈیکس پانچ برس میں پہلی مرتبہ چار ہزار کی حد سے گر گیا تاہم بعد ازاں انڈیکس میں آنے والی کمی چھ اعشاریہ تین فیصد تک رہ گئی۔ پیرس اور جرمنی میں بھی بازارِ حصص میں قریباً آٹھ فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اس سے قبل جمعرات کو امریکی بازارِ حصص ڈاؤ جونز میں انڈیکس کے نو ہزار پوائنٹ کی حد سے نیچے آنے کے بعد جمعہ کی صبح ایشیائی مارکیٹوں کو بھی شدید مندی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ڈاؤ جونز چھ سو اٹھہتر پوائنٹس یا سات اعشاریہ تین فیصد کی کمی کے بعد آٹھ ہزار پانچ سو اناسی پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ایشیائی بازاروں میں جمعہ کے روز کاروبار انتہائی نچلی سطح پر شروع ہوا اور جاپان کے نکئی انڈیکس میں نو اعشاریہ چھ فیصد کی کمی واقع ہوئی جبکہ آسٹریلیا کا حصص بازار آٹھ اعشاریہ تین فیصد کی کمی پر بند ہوا۔ جاپان کا نکئی انڈکس جمعہ کے روز انیس سو ستاسی کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ گری اور اس سے انشورنس کمپنی یاماٹو لائف کا دیوالیہ نکل گیا ہے۔

ممبئی بازارِ حصص میں جمعہ کو نو سو سینتیس پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے بازار میں افراتفری کا ماحول ہے اور سرمایہ کاروں میں مایوسی کا عالم ہے۔

 

News ID 762579

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha