مہرخبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیل کی زمینی فوج نے غزہ سے واپسی کے باوجود کہا ہے کہ غزہ پر حملے کا سلسلہ جاری رہےگا حماس نے اسرائیلی فوج کی واپسی کو اپنی فتح قرار دیا ہے۔اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق اسرائیل نے غزہ پٹی سے بڑا فوجی آپریشن ختم کرنا شرع کر دیا ہے۔تقریباً چاروں فورسز واپس اسرائیل آ چکی ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات کی جھڑپوں اور گرفتاریوں کے بعد علاقے سے فوج کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا تھا ۔تاہم اسرائیلی وزیر دفاع ایہود بارک کا کہنا ہے کہ حماس کے خلاف کوئی بڑی کارروائی اب بھی خارج از امکان نہیں ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق غزہ کے شمال میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ سے اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیاں واپس جارہی ہیں۔ادھر حماس نے غزہ سے اسرائیلی فوج کی واپسی کو اپنی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کو شکست ہوئی ہے۔غزہ میں بدھ سے جاری اسرائیل کے زمینی اور فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت ایک سو سترہ فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں جن میں 22 بچے بھی شامل ہیں ۔
آپ کا تبصرہ