مہرخبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں یوم کرسمس کی مخالفت میں سخت گير ہندو تنظیموں کے بند کے دوران کئی گرجا گھروں پر حملے ہوئے ہیں اور تشدد میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ اطلات کے مطابق تشدد کےمختلف واقعات میں کم سے کم دو درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تشدد پر قابو پانے کے لیے پھول بنی، بالی گڑی، دارنگی باڑی اور براہنی گاؤں جیسے اضلاع میں غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ ہے۔ حکام کے مطابق بارہ کھمبا کے علاقے میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے۔ ریاست کے وزیراعلی نوین پٹنائک نے صورت حال کے متعلق نامہ نگاروں سے بات چيت کرتے ہوئے کہا ہے: کئی علاقوں میں حالات معمول پر آ رہے ہیں اور اب صورت حال پوری طرح قابو میں ہے۔ ریاست کے کاندھامل ضلع میں چھ گرجاگھروں کو نشانہ بنایا گيا ہے جبکہ دیگر کئی علاقوں میں چرچز میں توڑ پھوڑ کے واقعات کی اطلاعات ہیں۔ بعض پولیس کی گاڑیوں کو بھی نذر آتش کرنے کے واقعات ہوئے ہیں۔ ہندو نظریاتی تنظیم وی ایچ پی کے ایک معروف رہنما لکشمن آنند سرسوتی اڑیسہ میں مبینہ طور پر مذہب کی تبدیلی کے سخت مخالف ہیں اور وہ اڑیسہ میں اس کے خلاف مہم چلاتے رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ