مہرخبررساں ایجنسی نے تاریخ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حضرت علی (ع) ھاشمی خاندان کے وہ پہلے فرزند ہیں جن کے والد اور و الدہ دونوں ھاشمی ہیں ۔ آپ کے والد ابو طالب بن عبد المطلب بن ھاشم ہیں اور ماں فاطمہ بنت اسد بن ھاشم ہیں ھاشمی خاندان قبیلہ قریش میں اور قریش تمام عربوں میں اخلاقی فضائل کے لحاظ سے مشھور و معروف تھے ۔ جواں مردی ، دلیری ، شجاعت اور بہت سے فضائل بنی ھاشم سے مخصوص تھے اور یہ تمام فضائل حضرت علی (ع) کی ذات مبارک میں بدرجہ اتم موجود تھے ۔
حضرت علی (ع) کی ولادت با سعادت
جب حضرت علی (ع) کی ولادت کا وقت قریب آیا تو فاطمہ بنت اسد کعبہ کے پاس آئیں اور اپنے جسم کو اس کی دیوار سے مس کر کے عرض کیا:
پروردگارا ! میں تجھ پر، تیرے نبیوں پر، تیری طرف سے نازل شدہ کتابوں پر اور اس مکان کی تعمیر کرنے والے، اپنے جد ابراھیم (ع) کے کلام پر راسخ ایمان رکھتی ہوں ۔پروردگارا ! تجھے اس ذات کے احترام کا واسطہ جس نے اس مکان مقدس کی تعمیر کی اور اس بچہ کے حق کا واسطہ جو میرے شکم میں موجود ہے، اس کی ولادت کو میرے لئےآسان فرما ۔
ابھی ایک لمحہ بھی نہیں گزرا تھا کہ کعبہ کی جنوبی مشرقی دیوار ، عباس بن عبد المطلب اور یزید بن تعف کی نظروں کے سامنے شگافتہ ھوئی، فاطمہ بنت اسد کعبہ میں داخل ھوئیں اور دیوار دوبارہ مل گئی ۔ فاطمہ بنت اسد تین دن تک روئے زمین کے اس سب سے مقدس مکان میں اللہ کی مھمان رہیں اور تیرہ رجب سن30 / عام الفیل کو بچہ کی ولادت ھوئی ۔ ولادت کے بعد جب فاطمہ بنت اسد نے کعبہ سے باہر آنا چاھا تو دیوار دو بارہ شگافتہ ھوئی، آپ کعبہ سے باہر تشریف لائیں اور فرمایا :” میں نے غیب سے یہ پیغام سنا ہے کہ اس بچے کا ” نام علی “ رکھنا “ ۔
آپ کا تبصرہ