مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج نے صوبہ الجوف کے علاقے خب والشعف میں واقع الیتمہ کے مقام پر سعودی حمایت یافتہ عناصر کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، یمنی ذریعے نے یمن کے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یمنی فورسز نے الیتمہ کے بازار میں داخل ہونے والے سعودی حمایت یافتہ عناصر کو گھیرنے اور ان کا راستہ روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی کی۔ اس کارروائی کے دوران سعودی حمایت یافتہ عناصر کے درجنوں فوجی سازوسامان اور گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔
ذریعے نے مزید کہا کہ الیتمہ کا بازار اور وہ تمام علاقے جہاں سعودی حمایت یافتہ عناصر داخل ہوئے تھے، دوبارہ یمنی فورسز کے کنٹرول میں آ گئے ہیں۔
ذریعے کے مطابق الجوف کے اطراف میں موجود مخالف عناصر کا تعاقب بھی کیا گیا، جبکہ یمنی مسلح افواج صوبے میں جاری تمام محاذوں پر دشمن کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل یمن کی انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد الفرح نے بھی کہا تھا کہ یمنی مسلح افواج نے مشرقی الجوف میں واقع اللبنات کی پہاڑیوں کی جانب سعودی حمایت یافتہ فورسز کی پیش قدمی ناکام بنا دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الجوف میں سعودی حمایت یافتہ فورسز کو مدد فراہم کرنے والی قوتوں کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
آپ کا تبصرہ