مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف سید عبدالرحیم موسوی نے دفاع مقدس اور مزاحمت کی یادگاروں کے تحفظ اور اقدار کے فروغ کے لئے قائم ادارے کی جنرل باڈی کے چودھویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو جس چیز نے محفوظ رکھا ہے وہ دفاع مقدس کی اقدار کی ترویج ہے اور ضروری ہے کہ اس قیمتی سرمایہ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جائے۔
انہوں نے انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر عوام کی بھرپور شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے 22 بہمن کو ایک عظیم کارنامہ انجام دیا۔
جنرل موسوی نے دفاع مقدس اور مزاحمت کی اقدار کے تحفظ کے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سردار کارگر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران مؤثر اور متنوع پروگرام عملی جامہ پہنائے گئے۔
انہوں نے تعلیمی اداروں میں ایثار اور شہادت کی ثقافت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی تربیت وزارت تعلیم کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ دفاع مقدس کے موضوعات پڑھا سکیں۔
انہوں نے دفاع مقدس سے متعلق سو اقساط پر مشتمل ٹیلی وژن بیانیہ اور متحرک خاکوں کی تیاری کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں اجلاس منعقد کر کے ضروری فیصلے کیے جانے چاہئیں تاکہ عسکری کارروائیوں پر مبنی متحرک پروگرام اور معیاری دستاویزی سلسلہ تیار کیا جا سکے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اجلاسوں کے نتائج بابرکت ہوں گے اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی توجہ کا باعث بنیں گے۔
آپ کا تبصرہ