مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز فقہ ائمہ اطہارؑ کے سربراہ آیت اللہ فاضل لنکرانی نے قوم کے نام ایک پیغام میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل 12 روزہ جنگ میں ناکامی کے بعد ایران میں داخلی بدامنی اور افراتفری پھیلانے کی سازشوں پر اتر آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قابض اسرائیلی حکام خود اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کے تربیت یافتہ ایجنٹ ایران کے اندر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن عوام کے جائز معاشی احتجاج کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی املاک کو نقصان پہنچا رہا ہے، سکیورٹی اداروں پر حملے کر رہا ہے اور حتیٰ کہ مساجد کو نذرِ آتش کیا جا رہا ہے۔
آیت اللہ فاضل لنکرانی نے واضح کیا کہ کوئی بھی ایرانی، چاہے وہ مسلمان نہ بھی ہو، مسجد کو آگ نہیں لگاتا۔ ایسے اقدامات کرنے والے غیر ملکی آقاؤں کے ایجنٹ اور کرائے کے عناصر ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ایرانی قوم کسی بھی صورت انقلاب، اسلامی جمہوریہ اور وطن کے دفاع سے دستبردار نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی لاکھوں شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور قوم اور نوجوان نسل پورے عزم کے ساتھ اس کا دفاع کریں گے۔
آیت اللہ فاضل لنکرانی نے حکام کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جائز معاشی مطالبات پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے اور ناقص پالیسیوں کے ذریعے عوام پر مزید معاشی دباؤ نہ ڈالا جائے۔
انہوں نے عوام کو نصیحت کی کہ وہ بدامنی پھیلانے والوں سے خود کو الگ رکھیں اور واضح کیا کہ جو لوگ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث ہیں، وہ اسلام اور قرآن کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف سخت اقدام ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سب کو رہبرِ انقلاب کی رہنمائی میں، معاشی اصلاحات کے مطالبے کے ساتھ ساتھ، ملک کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وحدت کے تحفظ کے لیے متحد ہونا چاہیے اور غیر ملکی مداخلت اور اس کے اندرونی سہولت کاروں کا راستہ روکنا چاہیے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس مرحلے پر بھی ایرانی قوم دشمنوں کو ایک بار پھر منہ توڑ جواب دے گی۔
آپ کا تبصرہ