مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے محکمہ پولیس کے کمانڈر جنرل احمدرضا رادان نے بتایا ہے کہ اب تک ملک کی سرحدوں سے 3 ملین سے زائد زائرین اربعین کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جبکہ 1.3 ملین سے زائد افراد واپس ملک میں داخل ہو چکے ہیں۔
جنرل رادان نے خاص طور پر خسروی سرحد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس راستے سے 450 ہزار سے زائد زائرین نے سفر کیا ہے جبکہ 120 ہزار افراد اسی راستے سے واپس آئے ہیں، جو اس سرحد کی بہتر سہولیات اور خدمات کا ثبوت ہے۔
انہوں نے زائرین سے درخواست کی ہے کہ باقی دنوں میں سفر کرنے والے خاص طور پر خسروی سرحد کا انتخاب کریں کیونکہ یہاں سہولیات عمدہ ہیں اور موسم بھی شلمچہ، چذابہ اور مہران کے مقابلے میں زیادہ خوشگوار ہے، جس سے زائرین کا سفر آسان ہو جاتا ہے۔
جنرل رادان نے دیگر سرحدی گزرگاہوں تمرچین اور باشماق کو بھی زائرین کے لیے مناسب قرار دیا اور کہا کہ ہر سال خدمات کی معیار میں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خسروی سرحد کی سہولیات میں مزید بہتری کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے اور متعلقہ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ سال یہ سہولیات اور بھی بہتر ہوں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ سال بھی اربعین کے سفر کے لیے خسروی سرحد کو ترجیح دیں۔
آپ کا تبصرہ