مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں عید سعید فطر کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی ممالک میں تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ صدر رئیسی نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
صدر رئیسی نے مسجد الاقصی میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات کو ناقابل قبول قراردیتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کو باہمی اتحاد اور تعاون کے ساتھ فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم کو روکنے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ترک صدر اردوغان نے بھی ایرانی صدر اور ایرانی عوام کو عید سعید فطر کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہران کے دورے کے متمنی ہیں اور وہ اس سفر میں علاقہ کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔
آپ کا تبصرہ