مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئےہیں۔ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے آنے والے زلزلے نے شدید تباہی مچادی ہے جس کے باعث 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں، جب کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلہ رات 3بج کر 2 منٹ پرآیا جس کی شدت 5.9 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔ کوئٹہ، سبی، چمن، زیارت، قلعہ عبدﷲ، ژوب، لورالائی، پشین، مسلم باغ اور دکی سمیت دیگرعلاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم زلزلے کے باعث سب سے زیادہ جانی ومالی نقصان ہرنائی میں ہوا جہاں متعدد مکانات تباہ ہوگئے اور سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
بلوچستان میں زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر ہرنائی پہنچ گیا ہے جب کہ ہرنائی اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیاگیا ہے۔
آپ کا تبصرہ