مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ طالبان کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان میں اکیلے حکمرانی کرنے کے خواہاں نہیں بلکہ افغانستان کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
قطر میں طالبان کے ایک ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ جب افغانستان سے امریکی فوجوں کا انخلا ہوجائے گا تو طالبان دیگر افغان شہریوں کے ساتھ برداشت اور بھائی چارے کے ساتھ رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی افواج کا قبضہ ختم ہونے کے بعد افغانوں کو ماضی بھلا دینا چاہیے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہنا چاہیے، انخلا کے بعد ہم اکیلے حکمرانی کرنے کے خواہشمند نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ طالبان پولیس نظام میں اصلاحات کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ افغان پولیس مقامی لوگوں کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کرتے ہیں اور وہ بدعنوان کے حوالے سے بھی معروف ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی نمائندہ خصوصی کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور 25 فروری سے دوحہ میں ہوگا۔
دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے افغان عوام کو یقین دلایا ہے کہ کابل حکومت کو لاعلم رکھ کر طالبان اور امریکہ کے درمیان کوئی معاہدہ طے نہیں پاسکتا۔
واضح رہے کہ طالبان کا تقریباً آدھے ملک پر اثر و رسوخ ہے اور ان کی جانب سے اکثر افغان حکام اور سیکیورٹی اہلکاروں کو حملے کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
آپ کا تبصرہ