کرناٹک کے وزیراعلیٰ قتل کا حکم دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

ہندوستانی ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کو کیمرے کی آنکھ نے موبائل فون پر بے رحمانہ قتل کا حکم دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کو کیمرے کی آنکھ نے موبائل فون پر بے رحمانہ قتل کا حکم دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔ اطلاعات کے مطابق اپنے سیاسی حریفوں کی بدعنوانی کے الزامات پر مشتمل آڈیو اور وڈیو سی ڈی جاری کرنے والے کرناٹک کے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کیمرے کے سامنے قتل کی ہدایت دے بیٹھے۔

وزیراعلیٰ کمارسوامی موبائل فون پر بات کرتے ہوئے میڈیا کی موجودگی اور لمحے لمحے کو محفوظ کرتے کیمروں کو نظر انداز کر گئے اور کال کرنے والے کو بے رحمانہ شوٹ آؤٹ کی ہدایت دیتے رہے۔

وزیراعلیٰ کمار سوامی کی جماعت جنتا دَل پارٹی (سیکولر) کے مقامی رہنما پرکاش کو قتل کردیا گیا تھا جس کی اطلاع فون پر آئی تو وزیراعلیٰ نے فون پر ہدایت جاری کی کہ " پرکاش اچھا آدمی تھا " مجھے نہیں معلوم کس نے بے ضرر آدمی کو قتل کیا، قاتلوں کا بے رحمانہ شوٹ آؤٹ کردو، کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد وزیراعلیٰ کمار سوامی کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور بے رحمانہ شوٹ آؤٹ کی ہدایت کو جذباتی ردعمل قرار دے دیا ۔ ترجمان وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقامی رہنما پرکاش کے بہیمانہ قتل پر وزیراعلیٰ دل گرفتہ ہیں، ویڈیو میں کہے گئے الفاظ ہدایت نہیں بلکہ جذباتی طور ادا ہوجانے والے کلمات تھے۔واضح رہے کہ جنتا دل کے مقامی رہنما کو نامعلوم حملہ آوروں نے اس وقت گولیاں مار کر قتل کردیا تھا جب وہ اپنی کار میں کرناٹک کے ضلع مندیا جارہے تھے کہ مدور کے مقام پر ان کی کار پر فائرنگ کی گئی۔ کرناٹک میں جنتا دل اور کانگریس کی مخلوط حکومت قائم ہے۔

News Code 1886755

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 8 + 5 =