مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی وزیر دفاع نِرملا ستھارامن نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق حالیہ بیان کو ایک سنجیدہ انکشاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان سے ہندوستانی موقف کی تائید ہوتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک پریس کانفرنس کے دوران ہندوستانی وزیرِ دفاع نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ انکشاف ہے، نواز شریف کے اس بیان سے ہندوستان کے اس مؤقف کی تائید ہوتی ہے کہ ممبئی حملہ پاکستان سے کیا گیا تھا، ہمیں یقین ہے کہ اس حملے کے ذمہ دار پاکستان میں ہیں اور اس معاملے پر ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک انگریزی اخبارکو انٹرویو میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نوازشریف نےکہا تھا کہ سرحد پار جا کر 150 لوگوں کو قتل کردینا قابل قبول نہیں، عسکری تنظیمیں اب تک متحرک ہیں جنھیں غیر ریاستی عناصر کہا جاتا ہے۔ نواز شریف نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انھیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر 150 لوگوں کو قتل کر دیں۔ نواز شریف کے اس بیان کو پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
آپ کا تبصرہ