مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے درمیان ہندوستانی وزیراعظم مودی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جانے والا بوند بوند پانی روکیں گے۔ ہندوستانی پنجاب کے شہر بھٹنڈا میں ایک تقریب سے خطاب میں مود ی نے کہا کہ وہ بھارت کا پاکستان میں جانے والا بوند بوند پانی روکیں گے اور یہ پانی بھارتی پنجاب،جموں کشمیر اوربھارتی کسانوں کو دیں گے۔ مودی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بھارت کا پانی پاکستان میں بہہ رہا ہےاور ستلج،بیاس اورراوی کے پانی پر بھارت کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پانی جس کا تعلق ہندوستان سے ہے اسے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نریندر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کو وافر مقدار میں پانی فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
پاکستان پہلے ہی ہندوستان کی طرف سے اس قسم کی دھمکی کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دے چکا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت مشرقی دریاؤں ستلج ، بیاس اور راوی کے پانی کو ہندوستان جبکہ مغربی دریاؤں سندھ، چناب اور جہلم کے پانی کو پاکستان کو استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ