27 اگست، 2015، 12:15 AM

ریاست گجرات میں پرتشدد واقعات میں 6 افراد ہلاک

ریاست گجرات میں پرتشدد واقعات میں 6 افراد ہلاک

ہندوستانی ریاست گجرات میں پٹیل برادری کے احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست گجرات میں پٹیل برادری کے احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ریاستی دارالحکومت احمد آباد کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کرکے فوج تعینات کردی گئی ہے۔ ہندوستانی ذرائع  کے مطابق ریاست گجرات میں پٹیل برادری کو بہتر تعلیم اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کی تحریک کی قیادت کرنے والے نوجوان ہاردک پٹیل کی گرفتاری اور رہائی کے بعد کئی علاقوں میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور اس دوران پرتشدد کارروائیوں میں 6 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ کئی گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق کشیدہ حالات کے پیش نظر احمد آباد کے 9 اور سورت کے 2 تھانوں کی حدود سمیت ریاست میں 17 مقامات پر احتیاطاً کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ گجرات میں پر تشدد واقعات کے بعد انتظامیہ نے ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔

پٹیل کمیونٹی نے بدھ کو گجرات بھر میں ہڑتال کی اپیل کی تھی جس کے باعث احمد آباد شہر مکمل طور پر بند رہا  اور شہر میں انٹرنیٹ سروس اور موبائل فون سروس دوسرے دن بھی معطل رہی جس سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا جب کہ گزشتہ روز پٹیل تحریک کے حامیوں تقریباً 50 بسوں اور دیگر گاڑیوں کو آگ لگائی تھی جس کے بعد تشدد میں اضافے کو روکنے کے لیے حکومت نے موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کو بند کر دیا تھا۔

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی آبائی ریاست کے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے اور ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تشدد سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور آگے بڑھنے کا واحد طریقہ پرامن مذاکرات ہیں۔واضح رہے کہ احمد آباد میں پٹیل کمیونٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی جب کہ مظاہرے کی سربراہی 21 سالہ پٹیل برادری کے نوجوان رہنما ہاردک پٹیل کر رہے تھے۔

News ID 1857680

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha