مہر خبررساں ایجنسی نے آستان نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حرم مطہر رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کی موجودگي میں ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے سرحدی علاقہ میر جاوہ میں "زائر سرائے آستان قدس رضوی" کا شاندارافتتاح ہوا۔ اطلاعات کے مطابق افتتاحی تقریب میں سیستان اور بلوچستان میں ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ مصطفی محامی ، صوبے کے گورنرحسین مدرس خیابانی اور اسی طرح اس صوبے کے کچھ دوسرے حکام بھی موجود تھے۔
اس مجموعہ کی کل زمینی مساحت 60 ہزار مربع میٹر ہے اور اس میں 5100 مربع میٹر پر عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ آستان قدس رضوی نے اسی طرح کے 22 اور مجموعے پورے ملک کی شاہراہوں پر تعمیر کئے ہیں ، جن میں زائرین کے لئے بہترین سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔
آستان قدس کے متولی حجۃ الاسلام والمسلمین مروی نے کہا : یہ زائر سرا مناسب فلاحی وسائل کے ساتھ پاکستانی زائرین کے لئے آج سے اپنی خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ زائرین یہاں پر اپنی تھکن مٹا کر نئی توانائی کے ساتھ مشہد مقدس کے اپنے معنوی سفر پر آگے بڑھ سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس عمارتی مجموعے کی تعمیر آستان قدس رضوی نے صوبۂ سیستان و بلوچستان کے حکام کے تعاون سے انجام دی ہے ۔ آستان قدس کے متولی نے یہ بھی کہا : زائرین کی میزبانی اور احترام میں قوم ، ملت ، زبان ، فرہنگ ، مذہب ، غربت اور امارت کوئی اہمیت نہیں رکھتی ، جو بھی امام رضا علیہ السلام کے زائر سرا میں قدم رکھے گا وہ ولی خدا اور حجت خدا کا مہمان ہوگا اور بہترین انداز میں اس کی خدمت اور احترام ہمارا فریضہ ہے۔
واضح رہے کہ ہر سال پاکستانی زائرین اربعین حسینی میں شرکت کرنے اور اسی طرح امام رضا علیہ السلام کے روضے کی زیارت کے لئے میرجاوہ سرحد کے راستے سے ایران میں داخل ہوتے ہیں اور اس زائر سرا کی تعمیر کا ہدف ان زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنا اور ان کی شائستہ طور پر میزبانی کرنا ہے۔
آپ کا تبصرہ