مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیرداخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرےگی۔ پاکستانی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے، لیکن ہم حالات کا خندہ پیشانی سے سامنا کررہے ہیں، افغانستان کے حالات کے باعث پاکستان میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور ساری دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ، جس سے پاکستان بھی متاثر ہوا، پوری کوشش ہے کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے پچھلے دسمبر سے کہہ رہے ہیں عمران خان گئے، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان کہیں نہیں جارہے،حکومت کو سوا 3 سال ہو گئے ہیں اور 5 سال پورے کریں گے، عمران خان خوش قسمت ہیں جن کو نالائق،نااہل اور نکمی اپوزیشن ملی ہے۔
آپ کا تبصرہ