ناز شاہ کا متحدہ عرب امارات سے نریندر مودی کو ایوارڈ نہ دینے کا مطالبہ

برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید سے بھارتی وزیراعظم مودی کو متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سویلین اعزاز دینے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید سے بھارتی وزیراعظم مودی کو متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سویلین اعزاز دینے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ کی رکن ناز شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا خط شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ولی عہد محمد بن زاید کشمیر میں مظالم کے پیش نظر مودی کو اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ واپس لیں۔

ناز شاہ نے اپنے خط میں لکھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث رہے ہیں اور اب انہوں نے کشمیر میں بھی اپنے جارحانہ اقدام سے انسانی حقوق کی پامالی کرتے ہوئے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

برطانوی رکن اسمبلی نے لکھا کہ متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ آپ کے والد شیخ زاید کے نام سے منسوب ہے جو کچلے ہوئے محکوم لوگوں کی داد رسی کیا کرتے تھے ایسے شخص کے نام سے موسوم ایوارڈ ایک قاتل کو دینا درست نہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی رواں ماہ کی 23 تاریخ کو دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچیں گے اور اس دوران ولی عہد محمد بن زاید بھارتی وزیراعظم کو یو اے ای کے سب سے بڑے سویلین اعزاز " زاید میڈل " سے نوازیں گے۔

News Code 1893104

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 7 + 10 =