مہر خبررساں ایجنسی نے النشرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق شام میں امریکہ اوراس کی اتحادی افواج کے ہوائی حملوں میں 1600 شہری ہلاک ہوگئے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل اور نگرانی کرنے والی تنظیم ایئر وارز کے مطابق یہ تعداد ہلاکتوں کی اس تعداد سے 10 گنا زائد ہے جو اتحادی افواج نے خود بتائی ہے۔
واضح رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والی تنظیم ایئر وارز نے 2014 میں شام میں داعش کے خلاف امریکی اتحادی افواج کی نام نہاد کارروائیوں کے اثرات جانچنے کا آغاز کیا تھا جس کے تحت 18 ماہ تک تحقیقات کی گئیں اور اس کے لیے 2 ماہ رقہ میں بھی گزارے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحقیقات کے حتمی نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ امریکی اتحاد جس میں برطانوی اور فرانسیسی فوجیں شامل ہیں، کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں صرف رقہ میں 16 سو سے زائد شہری ہلاک ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو دستاویزات انہوں نے تیار کی ہیں ان کے مطابق اتحادی افواج ممکنہ طور پر بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہیں، اس کے ساتھ تنظیموں نے متاثرین کو مالی معاوضے دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
آپ کا تبصرہ