رہبر معظم کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی مشکلات دور ہونے تک امداد جاری رکھنے پر تاکید

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگی میں خصوصی اجلاس میں ایران کے اعلی حکام نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد رسانی کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگی میں خصوصی اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد رسانی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس اجلاس میں نائب صدر اسحاق جہانگيری، وزیر داخلہ، وزیر زراعت، وزیر بجلی و پانی، وزیر روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ ، وزیر ہاؤسنگ ، ہلال احمر کے سربراہ ، مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اعلی کماںڈرزاور بعض دیگر اداروں کے سربراہ موجود ہیں۔ اس اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد رسانی ، اقدامات اور نقصانات کے بارے میں جائزہ لیا گیا۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس اجلاس میں  سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایرانی حکام کی بروقت موجودگی اور عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے سلسلے میں ان کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اعلی حکام کی موجودگی ، فوج اور سپاہ کے اعلی کمانڈروں کا حضور قابل تحسین اقدام ہے لیکن اس سے بھی اہم کام اس قسم کے حوادث کی روک تھام کے سلسلے میں منصوبہ بندی ہے کیونکہ اس قسم کے حوادث کے نقصانات کو سنجیدہ منصوبہ بندی کے ذریعہ کم کیا جاسکتا ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سیلاب کے سلسلے میں آگاہی فراہم کرنے پر آئی آر آئی بی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا: تمام اداروں نے بر وقت کارروائی کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن ہماری توجہ اس بات پر مرکوز ہونی چاہیے کہ ہمیں سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ رہنا ہے اور ان کے گھر آباد کرنے تک انھیں تعاون فراہم کرنا ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عوام اور حکام کے درمیان قریبی تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد بہم پہنچانے میں عوام نے بھی بھر پور تعاون فراہم کیا ہے۔

اس اجلاس میں نائب صدر جہانگیری، وزیر داخلہ، وزیر  پانی اور بجلی اور مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد رسانی  اور آخری اقدامات کے سلسلے جامع رپورٹ پیش کی۔

نائب صدر نے کہا کہ سیلاب سے ملک کے 24 صوبوں میں نقصانات ہوئے ہیں اور ملک کے تمام اداروں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے سلسلے میں اہم اقدامات انجام دیئے ہیں اورسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔

News Code 1889376

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 1 + 14 =