مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آج اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا بھر کے مسلمان یوم عاشور کو بڑی عقیدت و احترام اور غم و سوگ کی فضا میں منا رہے ہیں۔ واقعہ کربلا انسانی تاریخ میں قربانی کی وہ عظیم الشان مثال ہے جب نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع) اور ان کے بہتر باوفا اور جان نثار ساتھیوں نے اسلام کی سربلندی کی خاطر یزیدی قوتوں سے ٹکراتے ہوئے حق کی راہ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اورآج کے دن دنیا بھر کے مسلمان کربلا کے تپتے صحرا میں باطل کے آگے سر نہ جھکانے والوں کی یاد میں مجالس عزا برپا کر کے انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے بہتر جان نثار ساتھیوں کی جرات و شجاعت کی مثال ظلم کے سامنے ڈٹ جانے والے مسلمانوں کے حوصلے ہمیشہ بلند کرتی رہے گی۔ یہ آئین فطرت ہے کہ حق و صداقت کا پرچم بلند کرنے والے مظلوم مسلمان طاقتور ظالم کے ہاتھوں شہادت کا جام نوش کرنے کے باوجود ہمیشہ ہمیشہ کے لیے امر ہو جاتے ہیں اور ان کی لازوال قربانیاں آنے والوں کے لیے تاریکی کی راہ میں مشعل راہ ثابت ہوتی ہیں۔
سانحہ کربلا جہاں آج مسلمانوں کو دلگیر کرتا ہے وہاں ظلم کے خلاف جرات و ہمت کا مظاہرہ کرنے کا درس بھی دیتا ہے۔ محرم الحرام کے ابتدائی عشرے میں ایران سمیت تمام اسلامی ممالک میں سید الشہداء کی یاد میں مجالس عزا برپا کی جاتی ہیں جہاں ان کی حق کی راہ میں دی جانے والی قربانیوں کو یاد کیا جاتا ہے۔
آپ کا تبصرہ