مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے تحریک کے سربراہ عمران خان کو وزیراعظم نامزد کردیا۔ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے باضابطہ طور پر عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ اسلام آباد میں چیرمین عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ پی ٹی آئی کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کی تحریک پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔اس موقع پر تمام اراکین نے کھڑے ہو کر تحریک انصاف کے سربراہ کو مبارکباد پیش کی ۔اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے نومنتخب ارکان کو مبارکباد دی، پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے آزاد ارکان کا پارلیمانی پارٹی میں خیرمقدم کیا گیا، اتنی عددی اکثریت حاصل ہوگئی ہے کہ مرکز میں حکومت بناسکیں، عمران خان نے ارکان اسمبلی کو آئندہ چیلنجز پر اعتماد میں لیا اور قوم کی توقعات سے آگاہ کیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے تحریک کے سربراہ عمران خان کو وزیراعظم نامزد کردیا۔
News ID 1882836
آپ کا تبصرہ