مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام فاٹا کی کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنار میں یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دونوں دھماکے ٹل اڈہ کے قریب طوری مارکیٹ میں ہوئے، پہلے دھماکے کے بعد جیسے ہی لوگ جائے دھماکہ پر پہنچے تو دوسرا دھماکہ ہوگیا۔ دھماکوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے کی جگہ کو سیل کردیا ہے۔دھماکوں کے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ جنرل ہسپتال پاراچنار منتقل کیا گیا جبکہ میڈیکل اسٹاف کی عید کی چھٹیاں ختم کرکے علاقے کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
مقامی سیاسی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہونے کے لیے ٹل اڈہ کے بس ٹرمینل پر جمع تھی، جبکہ طوری مارکیٹ میں بھی عید کی خریداری کے باعث رش تھا۔
ڈسٹرکٹ جنرل ہسپتال کے ایم ایس صابر حسین کے مطابق دھماکوں میں 25 افراد جاں بحق اور 100 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ