مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پرتگال کے جنگل میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 60 افراد ہلاک اور 59 زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پرتگال کے علاقے جوپیڈروگاؤ گرینڈ کے جنگل میں لگنے والی خوفناک آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کے مطابق مقامی آبادی نے گاڑیوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں راستہ نہ ملا اور وہ شعلوں میں گھر کر رہ گئے، جس کے باعث زیادہ تر افراد اپنی گاڑیوں میں ہی زندہ جل گئے جبکہ کچھ ہلاکتیں دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق متعدد افراد اب بھی متاثرہ علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ بعض زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ سینکڑوں اہلکار ہیلی کاپٹروں، طیاروں اور فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پانے اور پھنسے ہوئے لوگوں کو علاقے سے نکالنے میں مصروف ہیں، تاہم آگ بڑے پیمانے پر پھیلے ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پرتگال کے جنگل میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 60 افراد ہلاک اور 59 زخمی ہو گئے ہیں۔
News ID 1873278
آپ کا تبصرہ