مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جاری کشیدگی کے موضوع پر مباحثے کے دوران ہندوستان کے خلاف نعرے لگانے پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ہندوستان چیپٹر کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے خلاف بغاوت سمیت انڈین پینل کوڈ ( آئی پی سی) کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیم پر الزام عائد کیا گیا کہ مباحثے میں ہندوستان مخالف نعرے لگائے گئے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 13 اگست کو ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلور میں واقع یونائیٹڈ تھيولوجیكل کالج میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے ایک مباحثے کا انعقاد کیا گیا تھا، بحث کے دوران طالب علموں کے ایک گروپ نے ملک مخالف نعرے لگائے جس کے بعد کچھ طالب علموں نے ان کی مخالفت کی اور دونوں گروپوں میں جھڑپ ہوگئی۔حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں نے ملک مخالف نعرے لگائے جانے کے خلاف احتجاج کیا اور ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے خلاف ثبوتوں (ویڈیو ریکارڈنگ) کے ساتھ مقدمہ درج کروادیا۔پولیس نے انسانی حقوق کی تنظیم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
اس حوالے سے ریاست کرناٹکا کے وزیر داخلہ جی پرامیشوار کا کہنا تھا کہ اس سیمینار کے انعقاد اور اس میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ