مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جاپان میں ماں نے طیش میں آکر اپنی نوعمر بیٹی کو 30 مردہ گولڈ فش کھلادیں جو جاپان میں بچوں سے بڑھتے ہوئے برے سلوک کی ایک مثال ہے۔جاپان کے جنوب مغربی علاقے میں خاتون کی بیٹی نے مچھلی کے ٹینک میں غلطی سے واشنگ پاؤڈر ڈال دیا جس سے تمام مچھلیاں ہلاک ہوگئی اس کے بعد غضب ناک ماں نے اپنی بیٹی کو ایک کے بعد ایک تمام مردہ مچھلیاں کھلادیں اور بیٹی کو سخت تشدد کا نشانہ بنایا۔واقعے کے بعد پولیس نے خاتون اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا جب کہ دونوں پر بچی کے منہ میں مچھلیاں ٹھونسنے کے ساتھ ایک الزام یہ بھی ہے کہ انہوں نے اس سے قبل نوعمر لڑکی کو رسیوں سے باندھ کر اس کے چہرے پر گھونسے مارے تھے اور سگریٹ سے اس کی زبان جلادی تھی۔
واضح رہے کہ جاپان میں والدین کی جانب سے بچوں پر بہیمانہ تشدد کا یہ پانچواں واقعہ ہے جب کہ پورے ملک میں اس کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ ماہ ایک جاپانی ماں نے اپنی 3 سالہ بچی پر کھولتا ہوا گرم پانی انڈیل کر اسے ہلاک کردیا تھا۔
آپ کا تبصرہ