مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے آج بروز (جمعرات) سہ پہر کو ہفتہ دفاع مقدس اور شہداء و جانبازوں کے دن کی مناسبت اپنے پیغام میں تاکید کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی قوم شہداء کی فداکاری، جانبازوں اور آزادگان کی استقامت، پائداری و صبر اور ان کے اہلخانہ کے صبر وتحمل کی بدولت عزت و عظمت کی بلند چوٹیوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
آج یوم شہداء کے موقع پر ملک بھر میں شہداء کے مزاروں پر پھول چڑھانے اورغبار صاف کرنے کی تقاریب منعقد ہوئیں ۔تہران کے شہداء کے مزار بہشت زہرا (س) میں پھول چڑھانے اور غبار صاف کرنے کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں شہید اور جانباز فاؤنڈیشن میں ولی فقیہ کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین شہیدی محلاتی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کو پیش کیا ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
شہیدوں کی یاد اور ان بہادر اور عظیم انسانوں کی تکریم ان سے زیادہ قوم کو سرافراز و سربلند کرتی ہے جس کے دامن میں ایسے خالص اور گرانقیمت گوہر پرورش پائے ہیں، ہم اس تکریم کے ذریعہ ان پر کوئی احسان نہیں کرتے ؛ وہ ہیں جنھوں نے اپنی تابندگی اور درخشندگی کے ذریعہ ہمیں سرافراز و سربلند کیا اور ہم پر احسان کیا۔ ایرانی قوم اپنے شہداء کی فداکاری، جانبازوں اور آزادگان کی استقامت، پائداری و صبر اور ان کے اہلخانہ کے تحمل و برادشت کی بدولت عزت و عظمت کی بلند چوٹیوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے اوراس نے مستقبل کے لئے اپنا درخشاں راستہ پیدا کرلیا ہے۔
اللہ تعالی ، ملائکہ ، اور دنیا کے نیک لوگوں کا شہیدوں ،جانبازوں ،آزادگان اور ان کے فداکار اور صبور خاندانوں پر درود و سلام ہو۔
سید علی خامنہ ای
4/مہر/
آپ کا تبصرہ