مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایشیا کے حصص بازاروں میں بڑے پیمانے پر ہونے والی گراوٹ کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔جاپان کی سٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز جب کاروبار کا آغاز ہوا تو شروع ہی سے مندی دیکھنے آئی اور انڈیکس پانچ فیصد کی کمی کے بعد دس ہزار پوائنٹ کی نفسیاتی حد سے نیچے چلا گیا۔ گزشتہ پانچ سالوں میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ انڈیکس دس ہزار کی حد سے نیچے گیا ہو۔پیر کے روز پانچ فیصد کی گراوٹ دیکھنے کے بعد چین کے حصص بازار میں کاروبار کے آغاز میں ہی مزید تین فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔
یورپی ممالک کے وزراء خزانہ کا ایک ہنگامی اجلاس منگل کے روز لگسمبرگ میں ہو رہا ہے جس میں مالی بحران کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی۔ دنیا بھر میں حصص کی منڈیوں میں بڑے پیمانے پر ہونے والی گراوٹ کے باعث کروڑوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
پیر کے روز مندی کا آغاز ایشیائی منڈیوں سے ہوا جس کے بعد یورپی ،امریکی اور لاطینی امریکی منڈیوں میں بھی یہی رجحان رہا۔
حصص کی امریکی منڈی وال سٹریٹ کے ڈاؤ جونز انڈیکس میں تین سو ستر پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس سن دو ہزار چار کے بعد پہلی بار دس ہزار پوائنٹس سے کم سطح پر بند ہوا۔
لندن کے حصص بازار میں بھی سات اعشاریہ پچاسی فیصد کمی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ یہ سن انیس سو ستاسی کے بعد سے ایک دن ہونے والی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔
اسی دوران عالمی بازارمیں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد تیل نوے ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آگيا ہے جوگزشتہ آٹھ ماہ میں تیل کی قیمتوں میں یہ سب سے زیادہ کم قیمت ہے۔
آپ کا تبصرہ