20 مئی، 2026، 3:41 PM

شہید رئیسی خدمت، استقلال اور عوامی وابستگی کی علامت تھے، رہبر انقلاب کا پیغام

شہید رئیسی خدمت، استقلال اور عوامی وابستگی کی علامت تھے، رہبر انقلاب کا پیغام

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے شہید ابراہیم رئیسی کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کا مختصر دور صدارت قوم اور ملک کیلئے مخلصانہ خدمت اور استقلال کے تحفظ کا عملی معیار بن گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی نے شہید ابراہیم رئیسی اور دیگر شہدائے خدمت کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ صدارتی قافلے کے فضائی حادثے کے شہداء، بالخصوص شہید صدر حجۃ الاسلام والمسلمین رئیسی کی یاد، اسلامی جمہوریہ ایران کے ان تمام خدمت گزار شہداء کی قربانیوں کو تازہ کرتی ہے جنہوں نے خلوص اور جدوجہد سے ملک و قوم کی خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہید مطہری، بہشتی، رجائی، باہنر، رئیسی، آل ہاشم، امیر عبداللہیان اور دیگر سینکڑوں ممتاز شخصیات نے اپنی قربانیوں سے اسلامی جمہوریہ کے خدمت گزار نظام کو اپنے خون سے مزین کیا۔

رہبر انقلاب نے شہید رئیسی کی نمایاں خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں احساس ذمہ داری، نوجوانوں پر اعتماد، انصاف پر توجہ، فعال اور مفید سفارت کاری اور بالخصوص عوامی وابستگی شامل تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان خصوصیات کی وجہ سے ایران کے دوستوں، مزاحمتی محاذ کے مجاہدین اور نظام کے خیر خواہوں کو حوصلہ اور اطمینان ملتا تھا، جبکہ ان تمام صفات کی بنیاد ان کی گہری روحانیت تھی۔

پیغام میں کہا گیا کہ حکام اور عوام کے درمیان مثبت اور اثر انگیز تعلق باہمی قدردانی کا سبب بنتا ہے، اسی لیے شہید رئیسی کی تدفین اور آخری رسومات غیر معمولی عوامی جذبات کے ساتھ انجام پائیں۔

رہبر انقلاب نے کہا کہ شہید رئیسی کا ادھورا صدارتی دور قوم اور ملک کیلئے انتھک محنت، ہمدردی اور ملک کی خودمختاری کے تحفظ کا معیار بن گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ایرانی قوم دو عالمی دہشت گرد افواج کے خلاف منفرد تاریخی مزاحمت کی مثال قائم کر رہی ہے، جس سے اسلامی جمہوریہ کے تمام ذمہ داران، قیادت سے لے کر مختلف اداروں کے سربراہان تک، کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

رہبر انقلاب نے زور دیا کہ قومی اتحاد، حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی پر شکر ادا کرنے کا تقاضا یہ ہے کہ حکام عوام کی خدمت، اقتصادی و معاشی مسائل کے حل، عوامی رابطوں اور ملک کی ترقی میں عوام کے مؤثر کردار کو مزید مضبوط بنائیں۔

انہوں نے آخر میں دعا کی کہ خداوند متعال شہدائے خدمت پر اپنی رحمت نازل فرمائے اور ایرانی عوام کی خدمت کرنے والوں کو الٰہی نصرت اور امام زمانہؑ کی دعا شامل حال رہے۔

News ID 1939366

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha