19 فروری، 2026، 2:04 PM

ایران اور بھارت کے درمیان انفارمیشن IT اور AI میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایران اور بھارت کے درمیان انفارمیشن IT اور AI میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایران اور بھارت کے وزرائے ٹیکنالوجی نے ملاقات کے دوران آئی ٹی اور اے آئی میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی ستار ہاشمی نے بدھ کے روز نئی دہلی میں بھارت کے وزیر الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی جیتن پرسادا سے ملاقات اور گفتگو کی۔

ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں خصوصاً انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سائبر اسپیس اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔

ایرانی وزیر نے کہا کہ بھارت آج دنیا کے بڑے سافٹ ویئر مراکز میں شمار ہوتا ہے اور اس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے میدان میں نمایاں صلاحیتیں پیدا کر کے انہیں عالمی سطح پر برآمد کیا ہے۔

ستار ہاشمی نے ایران کی سائنسی اور افرادی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط انسانی وسائل اور سائنسی ڈھانچے کی بدولت ایران نے جدید ٹیکنالوجی کی ترقی میں اہم پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تاریخی تعلقات اور موجودہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک کا تکنیکی تعاون خطے میں ایک مضبوط ڈیجیٹل طاقت کی تشکیل کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے سائبر خطرات سے نمٹنے، ابھرتے ہوئے نقصان دہ سافٹ ویئر کے خلاف اقدامات اور مالیاتی ڈھانچوں کی سکیورٹی مضبوط بنانے کے حوالے سے تجربات کے تبادلے کے لیے ایران کی آمادگی کا اعلان بھی کیا۔

بھارت کی جانب سے جیتن پرسادا نے بھی ایران کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اختراعی مراکز کا قیام دونوں ممالک میں ٹیکنالوجی کی ترقی کو تیز کر سکتا ہے اور ڈیجیٹل ڈھانچے اور ڈیٹا سکیورٹی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ستار ہاشمی نے اس موقع پر بریکس تنظیم کی میزبانی میں بھارت کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم ترقی پذیر ممالک کی قومی خودمختاری کے احترام پر مبنی نئے ڈیجیٹل نظام کی تشکیل کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026، 16 سے 20 فروری تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی، جس میں 110 سے زائد ممالک، 30 بین الاقوامی تنظیمیں اور 45 وزارتی سطح کے وفود شرکت کریں گے۔

News ID 1938137

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha