مہر خبررساں ایجنسی نے المعلومۃ نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراق کی ایک سیاسی جماعت کے سربراہ "محمد شریف" نے تاکید کی ہے کہ امریکہ عراقی معاشرے کی دینی ثقافت کو تبدیل کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا: 2008 میں عراق پر قبضے کے بعد سے، امریکہ نے عراق کی ڈیموگرافک صورت حال اور یہاں کی ثقافتی روح کو مسخ یا تبدیل کرنے کی بے پناہ کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا۔
شریف نے مزید کہا: امریکیوں نے برطانوی اور امریکی سول سوسائٹی تنظیموں کی سرگرمیوں کے ذریعے عراق میں سماج دشمن سوچ پھیلانے کی پوری کوشش کی۔
انہوں نے کہا: ان اداروں نے عراق کے بعض تباہ شدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے بہانے عراقی معاشرے کو دینی ثقافت سے منحرف کرکے امریکی معاشرے کا ایک اور عراقی ورژن بنانے کی ناکام کوشش کی۔
قبل ازیں عراقی پارلیمنٹ میں قومی جماعت کے سربراہ "ابتسام الہلالی" نے اس بات پر زور دیا کہ عراق میں امریکی سفیر اس ملک میں اخلاقی انحراف اور ہم جنس پرستی کو پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: "ہم اخلاقی انحراف اور ہم جنس پرستی کو پھیلانے کے امریکی اقدامات کو روکنے کے لیے عراق میں پارلیمانی کارروائیوں کی سفارش کر رہے ہیں۔" کیونکہ امریکی سفیر کے اقدامات عراقی معاشرے میں ہم جنس پرستی کی حمایت کے حوالے سے خاصے تشویشناک ہیں۔
ہلالی نے کہا: ہمیں قانونی اور سفارتی ذرائع سے عراق میں ان منصوبوں کے نفاذ کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ امریکی سفیر کے اقدامات بعض مغربی ممالک کے تعاون سے اس ملک کی سامراجی پالیسی کے نفاذ کے مطابق انجام پاتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ