مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک بیان میں عراق میں امن و ثبات پر تاکید کرتے ہوئے عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی پر قاتلانہ ڈرون حملے کی مذمت کی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عراقی عوام ، حکومت اور تمام سیاسی گروہوں سے عراق کی ترقی اور پیشرفت کو نشانہ بنانے کی نئی سازش کے بارے میں ہوشیار رہنے کی بھی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عراقی عوام کے دشمن گذشتہ 18 برسوں سے عراق میں بدامنی اور دہشت گردی کو ہوا دے رہے ہیں ۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عراق کے وزیر اعظم کے اس حملے میں محفوظ رہنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام کے خلاف دشمن کی ایک اور سازش ناکام ہوگئی۔ عراقی حکومت ، عوام اور تمام سیاسی گروہوں کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ