مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ میں ہائی اسکول کے نزدیک فائرنگ کے نتیجے میں 16 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا جب کہ ایک نوجوان شدید زخمی ہے۔اطلاعات کے مطابق شمالی کیلیفورنیا میں واقع فیئر فیلڈ آرمیجو ہائی اسکول کے نزدیک جرائم پیشہ افراد کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں 16 سالہ نوجوان ہلاک اور ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا ہے۔ زخمی ہونے والے نوجوان کی عمر 18 سال ہے اور اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے گینگ وار ملزمان کا تعاقب کر کے ایک ملزم کو ہائی اسکول کے جِم سے حراست میں لے لیا جب کہ دوسرے ملزم کو قریبی علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسکول کا عملہ اور بچے محفوظ ہیں۔ پولیس نے اسکول کو بند کرکے والدین کو اطلاع دے دی ہے۔ پولیس کی جانب سے ہلاک اور زخمی ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ یہ نوجوان کسی گینگ کا حصہ تھے۔ پولیس نے تحقیقات مکمل ہونے تک کسی قسم کی معلومات دینے سے معذرت کی ہے۔
امریکہ میں ہائی اسکول کے نزدیک فائرنگ کے نتیجے میں 16 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا جب کہ ایک نوجوان شدید زخمی ہے۔
News ID 1883376
آپ کا تبصرہ