مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام کے جنگل میں بدمست ہاتھیوں نے حملہ کر کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بدمست ہاتھیوں نے بھارتی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی کے جنگلات میں واقع ایک گاؤں میں رات کے وقت ایک جھونپڑی پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں جھونپڑی میں سوئے ہوئے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن میں ایک 9 دن کا بچہ بھی شامل ہے۔ آسام کے محکمہ جنگلات کے مطابق حملے کے وقت تمام افراد گہری نیند میں سورہے تھے، ہاتھی اپنے غول سے بچھڑ کر آبادی کی طرف آگئے تھے اور تباہی پھیلانے کے بعد فوراً وہاں سے بھاگ گئے۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھی اس وقت حملہ کرتے ہیں جب ان کے قدرتی مسکن کو کوئی خطرہ لاحق ہو اور اب بھارت میں بڑھتی ہوئی آبادی سے ہاتھیوں کے رہنے کی جگہ کو خطرات لاحق ہورہے ہیں جس کے جواب میں وہ انسانی آبادیوں پر حملہ آور ہورہے ہیں۔واضح رہے کہ ایک ماہ قبل بھی بھارتی بنگال میں ہاتھیوں نے 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جب کہ گاڑیوں کو تباہ اور مکانات کو بری طرح نقصان بھی پہنچایا تھا۔
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام کے جنگل میں بدمست ہاتھیوں نے حملہ کر کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔
News ID 1863103
آپ کا تبصرہ